عدالت کا ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف عظمی بخاری کی درخواست ایف آئی اے ڈائریکٹر کو جمع کرانے کا حکم

226

لاہور۔25جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کی دائر درخواست ایف آئی اے ڈائریکٹر کو جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے دائر کیس ایف آئی اے میں درخواست جمع کرانے تک انتظار میں رکھ لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جمعرات کے روز عظمی بخاری کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔عظمی بخاری نے ایف آئی اے ،وزرات داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ فلک جاوید نامی خاتون نے درخواست گزار کی ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کی پہلے بھی فلک جاوید مختلف ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں ،

استدعا ہے کہ عدالت فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے اور ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کا حکم دیکر رپورٹ طلب کرے۔ دوران سماعت صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے فاضل چیف جسٹس سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے جس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عظمی بخاری سے کہا کہ آپ درخواست ایف آئی اے میں جمع کروائے اگر آپکا کام نہیں ہوتا تو عدالت تو بیٹھی ہے،

عدالت نے باور کرایا کہ پہلے انویسٹی گیشن ایجنسی اسکو دیکھے پھر بعد میں عدالت اسکو دیکھے گی، آپ ایف آئی اے میں درخواست جمع کرائے انویسٹی گیشن کو مکمل کرے۔