
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):عراق کے فارن سروس انسٹیٹیوٹ اور فارن سروس اکیڈمی پاکستان کے مابین تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ایم او یو پر دستخط کی تقریب جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل فارن سروسز اکیڈمی عمران مرزا اور عراقی انسٹیٹیوٹ آف فارن سروس کے ڈین و انڈر سیکرٹری ڈاکٹر صالح حسین علی ال تمیمی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان میں تعینات عراقی سفیر حامد عباس لفطہ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق فارن سروسز اکیڈمی عراقی سفراء/ ڈپلومیٹس کو سفارت کاری کی تربیت فراہم کریگی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی فارن سروسز اکیڈمی اب تک 63 عراقی ڈپلومیٹس کو عملی سفارت کاری کی تربیت دے چکی ہے ۔ڈپلومیٹس کی تربیت کے حوالے سے یہ مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے درمیان اداروں کی سطح پر روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی۔