عرب دنیا کا پہلا اور سب سے بڑا سعودی اوپرا “زرقا الیمامہ” اختتام پذیر

عرب دنیا

ریاض ۔6مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹر میں عرب دنیا کا پہلا اور سب سے بڑا سعودی اوپرا “زرقا الیمامہ”اختتام پذیر ہو گیا۔ایس پی اے کے مطابق ریاض میں 25 اپریل سے چار مئی تک جاری رہنے والے اوپیر میں زرقا الیمامہ کی کہانی کو اس طرح پیش کیا گیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔زرقا الیمامہ جزیرہ نما عرب کے ورثے سے جڑی کہانی کو نظموں، مناظر اور بھرپور مواد کے ذریعے سعودی شاعر اور ڈرامہ نگار صالح زمانان نے مرتب کیا۔کہانی میں بتایا گیا ہے کہ کیسے زرقا الیمامہ اور اس کے قبیلے کو دشمنوں کے حملے کا خطرہ لاحق ہوا۔

کہانی میں دکھایا گیا کہ ہیرو کس طرح تین دن (دوری) کی مسافت سے اپنے دشمن کو آتا دیکھ لیتا ہے اور اس کے عزائم سے اپنے قبیلے والوں کو قبل از وقت مطلع کر دیتا ہے۔یہ کہانی قبل از اسلام کے دور سے عرب داستانوں میں چلی آرہی ہے اور آج تک مقبول ہے۔اوپرا کی کاسٹ میں عالمی شہرت یافتہ نام شامل ہیں۔ ’زرقا الیمامہ‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے خاص طور پرعربی سیکھی۔

تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے سی ای او سلطان البازعی نے کہا کہ اس اوپرا کو پذیرائی ملی۔ امید ہے آئندہ بھی اسی طرح کے اوپرا پیش کیے جاتے رہیں گے۔ یہ سعودی عرب کے ثقافتی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے جو سعودی فنکاروں کی نئی نسل کو متاثر کرے گا اور مملکت کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔