عرب ہیلتھ نمائش میں 40 پاکستانی نمائش کنندگان کی شرکت

110
Arab Health Exhibition
Arab Health Exhibition

دبئی۔29جنوری (اے پی پی):دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ حکومت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے تعاون سے فارماسیوٹیکل ، سرجیکل مصنوعات اور ہاسپیٹلز ٹیکسٹائل کی ہیلتھ کیئر نمائش میں 40 پاکستانی نمائش کنندگان کی شرکت انتہائی خوشی کی بات ہے ،یہ نمائش یکم فروری تک جاری رہے گی ۔ وہ پیر کو یہاں نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان پویلین کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ عرب ہیلتھ صحت کی دیکھ بھال کے عالمی چیلنجزسے نمٹنے کے لئے منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع اور ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستانی فرمز کو اپنی برآمدات کو متنوع بنانے، نئی منڈیوں کی تلاش اور دنیا بھر کے انڈسٹریل لیڈز کے ساتھ نیٹ ورک قائم کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔4 روزہ عرب ہیلتھ خطے کے سب سے بڑے ہیلتھ کیئر شو میں سے ایک ہے جس میں150 ممالک سے 3000 سے زائد نمائش کنندگان ،سرمایہ کار، پیشہ ور افراد اور اساتذہ شامل ہیں۔

قونصل جنرل نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تعاون سے فارماسیوٹیکل، سرجیکل مصنوعات اور ہسپتال ٹیکسٹائل کی نمائش کرنے والے 40 پاکستانی نمائش کنندگان نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔ حسین محمد نے کہا کہ 4 روزہ نمائش کے دوران کئی سائیڈ لائنز ایونٹس اور ورکشاپس کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس سے ہماری فرمز کو رہنمائی حاصل ہوگی ۔ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے زابیل ہال 7 میں ہونے والی نمائش میں ٹی ڈی اے پی کے تعاون سے پاکستانی پویلین قائم کیا گیا ہے۔