عشق رسولؐ پر چل کر ہم دنیا کو بدل سکتے ہیں، ماحولیات کے شعبہ کو عشق رسولؐ سے جوڑنے میں کامیابی ہی کامیابی ہے رحمتہ العالمین ؐکانفرنس میں ماحولیات کے شعبے کو زیربحث لایا گیا ۔ملک امین اسلم

102

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عشق رسولؐ وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم دنیا کو بدل سکتے ہیں، ماحولیات کے شعبہ کو عشق رسولؐ سے جوڑنے میں کامیابی ہی کامیابی ہے رحمتہ العالمین کانفرنس میں ماحولیات کے شعبے کو زیربحث لایا گیا ہے، بدقسمتی سے بنی نوع انسان نے فطرت کے ساتھ توازن تباہ کر دیا ہے، کورونا بھی جانوروں سے انسانوں میں آیا ہے، اس وباءسے قدرت نے انسان کو متنبہ کیا ہے کہ انسان کو اپنی حد نہیں پھلانگنی، ہم اس کو موقع میں بدل سکتے ہیں، انہوں نے سیرت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں قدرت کے ساتھ توازن قائم کرنے کیلئے اپنا راستہ بدلنا ہوگا، وزیراعظم کا کلین گرین پاکستان کا تصور ہماری سمت کیلئے تعین کو ٹھیک کرنے کا طریقہ ہے۔ اس میں حضور پاکؐ کی تعلیمات کار فرماہیں، انہوں نے سیرت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آپ ؐنے صفائی کو نصف ایمان کہا ہے، اس حوالے سے علماءکرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کیلئے سمت کا تعین کریں، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، اس کا ثواب درخت لگانے کو مرنے کے بعد ملتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عشق رسولؐ وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم دنیا کو بدل سکتے ہیں، ماحولیات کے شعبہ کو عشق رسولؐ سے جوڑنے سے کامیابی ہی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہاکہ ناپاک جسارت کرنے والے ممالک کے سربراہان سے یہ بات کی جائے کہ عشق رسولؐ ہمارے اندر رچا بسا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں کانفرس کا حصہ ہوں، ہمارے عشق کی حرارت کو جانچنے کیلئے بار بار اس کی جسارت کی جاتی ہے، میں ان سے کہتا ہوں کہ ہمارا عشق رسولؐ جب بھی آپ جانچیں گے آپ کو یہ پہلے سے زیادہ بڑھا ہوا ملے گا۔