عظیم الشان جشن جہلم کے انعقاد پر خوشی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات

108

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عظیم الشان جشن جہلم کے انعقاد پر مجھے خوشی ہے، جہلم میں اتنے بڑے پیمانے پر عوامی میلہ منعقد کیا گیا ہے عام طور پر اس طرح کے بڑے میلے صرف بڑے شہروں کی روایت بن گئے تھے۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جہلم میں جشن جہلم کی تقریبات کا آغاز کردیا گیا جس میں عارف لوہار، انکل سرگم اور دیگر فنکاروں نے ماحول کو چار چاند لگا دیئے۔ جہلم کے ضمیر جعفری کرکٹ سٹیڈیم میں سجے فیسٹیول کے پہلے دن نامور گلوکار عارف لوہار اور مشہور کریکٹر انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کی مزاحیہ نوک جھونک کی زبردست پرفارمنس پر اہل جہلم خوب لطف اندوز ہوئے۔ شہریوں نے موسیقی اور مزاح سے لطف اٹھایا تو بچوں نے فیسٹیول میں موجود پلے ایریا میں خوب بھاگ دوڑ کی۔ جشن جہلم میں عوام کی آگاہی کے لئے 1122، محکمہ ریونیو، محکمہ جنگلات، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے سٹالز بھی موجود تھے۔ جشن جہلم میں روایتی اور ثقافتی دھنوں پر رقص بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔