وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ علاج کی بہتر سہولتیں ہر قیدی کا حق ہیں، وزیراعظم سے لے کر مسلم لیگ (ن) کے کسی کارکن نے کبھی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی،حکومت کا پہلے دن سے واضح موقف رہا ہے کہ قیدیوں سے ملاقاتوں کا فیصلہ جیل مینوئل اور عدالتی احکامات کے مطابق ہوگا۔
علاج کی بہتر سہولتیں ہر قیدی کا حق ہیں، مسلم لیگ (ن) نے کبھی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی، طلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ علاج کی بہتر سہولتیں ہر قیدی کا حق ہیں، وزیراعظم سے لے کر مسلم لیگ (ن) کے کسی کارکن نے کبھی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی،حکومت کا پہلے دن سے واضح موقف رہا ہے کہ قیدیوں سے ملاقاتوں کا فیصلہ جیل مینوئل اور عدالتی احکامات کے مطابق ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔طلال چوہدری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے جس کم ظرفی کا مظاہرہ کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، بیماری کا مذاق اڑانا اور اسے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے ہمیشہ ظرف اور کردار کا مظاہرہ کیا، کسی کی میڈیکل رپورٹس یا بیماری پر سیاست نہیں کی اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی حربے استعمال کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے پاس اب صرف ہمدردی کا کارڈ رہ گیا ہے، بچوں سے ملاقات، بیماری اور جان کو خطرے جیسے معاملات کو سیاسی بیانیے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے بھی اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ریلیف ملنے کے بعد سیاست نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے اگر کسی قیدی کو ریلیف دیا ہے تو یہ اس کا اختیار ہے اور حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں تاہم اس فیصلے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی ہسپتال جائیں گے، پھر بنی گالا، نتھیا گلی اور دیگر مقامات کی باتیں کی گئیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ جیل سے متعلق عدالتی فیصلے کے مطابق ہی رہیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی سیاست کا محور این آر او، ترامیم اور بیماری کے بجائے عوامی کارکردگی کو بنانا چاہئے، خیبر پختونخوا میں 17 سال سے حکومت کے باوجود عوام کو کیا دیا گیا، اس کا جواب بھی دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے بعض ولاگرز سنسنی خیز دعوئوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق غیر مصدقہ خبریں پھیلا رہے ہیں، ان کا مقصد صرف سنسنی پیدا کرنا اور ڈالر کمانا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اور سیاسی قیادت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں، اداروں کے سربراہان کے سامنے صرف پاکستان اور پاکستانی عوام کے مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت نے ماضی میں بھی پاکستان کے مفاد میں فیصلے کئے ہیں اور آئندہ بھی ملک کے بہتر مستقبل کے لئے فیصلے کئے جائیں گے۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ عدالت کے فیصلے کے پیچھے کوئی خفیہ کہانی یا این آر او نہیں، عدالت نے اپنے اختیار کے تحت ریلیف دیا ہے، اسے سیاسی سازش یا کسی ڈیل سے جوڑنے کی کوشش درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حامیوں کو بیماری اور عدالتی فیصلے کو سیاسی ایجنڈا بنانے کے بجائے اپنی کارکردگی اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔








