علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تین روزہ کنٹینٹ ڈویلپمنٹ ورکشاپ کا آغاز ہوگیا
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تین روزہ کنٹینٹ ڈویلپمنٹ ورکشاپ کا آغاز ہوگیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تین روزہ کنٹینٹ ڈویلپمنٹ ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔ ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز کے لیے معیاری، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی مواد کی تیاری اور فیکلٹی کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے۔افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی تعلیمی معیار کی بہتری کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ کے نظام میں معیاری تعلیمی مواد بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے طلبہ کی ضروریات، تعلیمی ترجیحات اور جدید تدریسی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر اور معیاری تدریسی مواد کی تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی مسلسل تربیت، جدید تدریسی طریقوں سے آگاہی اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ورکشاپ کا انعقاد سنٹر فار لائف لانگ لرننگ نے کیا ہے۔سینٹرکی ڈائریکٹر طوبیٰ سلیم نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی سرگرمی کا مقصد فیکلٹی ممبران کو معیاری تدریسی مواد کی تیاری، یونٹ ڈویلپمنٹ اور مؤثر تعلیمی تحریر کے جدید طریقوں سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے دوران شرکاء کو تدریسی مواد کی تیاری کے عملی اور فنی پہلوؤں سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز کے لیے ایسا مواد تیار کیا جا سکے جو طلبہ کے لیے مفید، جامع اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔جائیکا کے نمائندے عابد گل نے کہا کہ معیاری تعلیمی مواد فاصلاتی نظامِ تعلیم کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیتی سرگرمیاں فیکلٹی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، تدریسی معیار کی بہتری اور جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی مواد کی تیاری میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ورکشاپ کے پہلے روز شرکاء کو کورس آؤٹ لائنز، یونٹ اسائنمنٹس اور یونٹ رائٹنگ گائیڈ لائنز سے آگاہ کیا گیا جبکہ مختلف یونٹس کے مواد کی تیاری اور مکمل یونٹ اسٹرکچر کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے عملی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ شرکاء نے یونٹ رائٹنگ کے مختلف مراحل میں حصہ لیا اور معیاری تدریسی مواد کی تیاری کے لیے درکار بنیادی اصولوں اور عملی تقاضوں پر کام کیا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ یہ ورکشاپ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فیکلٹی کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے، تدریسی معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور معیاری تعلیمی مواد کی تیاری کے لیے جاری تربیتی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔







