علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فکر بیدل پر دوسرا عالمی سیمینار

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ''فکرِ بیدل اسلامی تناظر میں '' کے موضوع پر دوسرے عالمی سیمینار میں قومی و بین الاقوامی مقررین نے بیدل کے افکار کو فروغ دینے کے لئے جامعات اور تحقیقی اداروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور علمی تقریبات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو بیدل کی تعلیمات اور اسلامی فلسفہ سے روشناس …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”فکرِ بیدل اسلامی تناظر میں ” کے موضوع پر دوسرے عالمی سیمینار میں قومی و بین الاقوامی مقررین نے بیدل کے افکار کو فروغ دینے کے لئے جامعات اور تحقیقی اداروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور علمی تقریبات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو بیدل کی تعلیمات اور اسلامی فلسفہ سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ کلاسیکی فکر کو آج کے سماجی، فکری اور اخلاقی مسائل کے تناظر میں مربوط کیا جا سکے۔

سیمینار کا اہتمام اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فکرِ اسلامی، تاریخ و ثقافت نے بیدل فاؤنڈیشن پاکستان کے اشتراک سے کیا تھا جس کا مقصد عظیم فارسی شاعر و مفکر مرزا عبدالقادر بیدل کی فکر کو اسلامی تعلیمات، تصوف، اخلاقیات اور معاصر فکری مباحث کے تناظر میں ازسرِنو سمجھنا اور پیش کرنا تھا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی سرپرستِ اعلیٰ بیدل فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر سید تقی عابدی (کینیڈا) تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی تناظر میں بیدلؔ کی فکر انسان کو باطن کی پاکیزگی، خود شناسی اور روحانی ارتقا کی طرف لے جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیدلؔ کے کلام میں توحید، صبر، قناعت، محبتِ الٰہی اور انسان دوستی جیسی اسلامی اقدار نمایاں ہیں جو فرد کی اخلاقی تعمیر اور معاشرے میں عدل و احسان کے فروغ کا سبب بنتی ہیں۔

کلیہ سماجی علوم کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ بیدلؔ ایک ہمہ گیر شاعر اور مفکر ہیں جو ہر دور میں اپنی معنویت برقرار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیدلؔ محض الفاظ کے شاعر نہیں بلکہ فکر و عمل کے علمبردار ہیں، اسی لئے عصرِ حاضر میں بیدلؔ کی فکر کو نئی نسل سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

دیگر مقررین میں ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی(ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان)، ڈاکٹر محمد سلیم مظہر(ڈائریکٹر جنرل مقتدرہ قومی زبان)،ڈاکٹر اخلاق احمد آہن(بھارت)،معروف شاعر و نقاد اختر عثمان، ڈاکٹر علی کمیل قزلباش، ڈاکٹر طاہر اسلام عسکری، ڈاکٹر حافظ محمد سجاد اور پروفیسر ڈاکٹرمعین الدین ہاشمی شامل تھے۔ تقریب کے دوران بیدل فاؤنڈیشن پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی۔