اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلی بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں مقررین نے ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مقررین نے کہا ہے کہ افریقہ اور پاکستان دونوں ہی ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہیں ،ان ممالک کو بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ پاک افریقہ تعلقات قیام پاکستان کے وقت سے موجود ہیں اور پاکستان افریقہ کے کئی ممالک میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ا فریقہ کے ساتھ معاشی، معاشرتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔سیمینار سے ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ مقررین میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ سیاست اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد خان اور ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف سوئل اینڈ انوائرمنٹ کے ڈاکٹر شاہد محمود شامل تھے۔ مقررین نے سیمنیار کے انعقاد میں معاونت اور سرپرستی فراہم کرنے پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ڈین فیکلٹی آف سائنسز کا شکریہ ادا کیا۔