اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایگریکلچر میں ایسوسی ایٹ ڈگری کی”سکیم آف سٹڈی”کوحتمی شکل دے کر زرعی شعبے میں اس نئے تعلیمی پروگرام کو اگلے سال سمسٹر خزاں میں متعارف کرنے کی اصولی منظوری دیدی، کورس کو متعارف کرنے کا بنیادی مقصد زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو تعلیمی سپورٹ فراہم کرنا ہے جس سے اُنہیں فصلوں میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کی جدید طریقوں سے آگاہی حاصل ہوگی۔ ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کا زیادہ تر دارومدار زراعت پر ہے اس لئے زرعی شعبے میں اوپن یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ ڈگری انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔ مجوزہ ڈگری وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے وژن ”مارکیٹ پر مبنی تعلیمی پروگرامز” جو طلبہ کو ملک کی سماجی و معاشی ترقی میںنتیجہ خیز کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں کے مطابق ہے۔ اجلاس میں یہ تجویز پیش کی گئی کہ ضروری تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی شعبے کی یہ ڈگری پروگرام اگلے سال خزاں سمسٹر میں متعارف کیا جائے ۔کم از کم سیکنڈ ڈویژن کے ساتھ ایف اے/ایف ایس سی پاس طلبہ 2۔سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایگریکلچر پروگرام میں داخلے کے اہل ہوں گے۔اسکیم آف سٹڈی شعبہ زرعی سائنس کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے اجلاس میں پیش کی تھی۔