راولپنڈی۔22ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس راولپنڈی نے ربیع الاول کے موقع پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب کی میزبان نسرین اختر مرزا، ریجنل ڈائریکٹر راولپنڈی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تھیں۔تقریب میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ، طلباء، ماہرین تعلیم اور مذہبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صدر مجلس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اطہر قاسم گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن اور ڈاکٹر امتیاز احمد مدنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ طلباء کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔جبکہ ڈاکٹر امتیاز احمد مدنی نے تمام طلباء کو قرآن پاک کا تحفہ پیش کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، ریجنل ڈائریکٹر راولپنڈی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مسز نسرین اختر مرزا، پرنسپل ڈاکٹر اطہر قاسم بھی موجود تھے اور ڈاکٹر امتیاز احمد مدنی نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پر روشنی ڈالی۔