اسلام آباد ۔ 2 فروری (اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک تمام پروگرامز کے پراسپیکٹس اور داخلہ فارم آن لائن فراہم کردیے ہیں کسی بھی پروگرام میں داخلے کے خواہشمند افراد یونیورسٹی ویب سائٹ پر دستیاب داخلہ فارم آن لائن بھر کر کاپی پرنٹ کرکے اور مطلوبہ دستاویزات /اسناد کی تصدیق شدہ کاپیاں منسلک کرکے قریب ترین بینک میں داخلہ فیس سمیت جمع کراسکتے ہیں۔ بینک برانچز کی تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔علاوہ ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر داخلوں کے خواہشمند افراد کو رہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر مستفید کرنے کے لیے ملک بھر میں تحصیل سطح پرپراسپیکٹس سیل پوائنٹس’ بھی قائم کردیے گئے ہیں۔ ملک کے کسی بھی علاقے میں رہائش پذیر داخلے کے خواہشمند افراد اپنے قریب ترین پوائنٹ سے داخلہ فارم حاصل کرسکتے ہیں۔ان مراکز کے ایڈریسز یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر موجود "پراسپیکٹس سیل پوائنٹس”لنک سے چیک کیے جاسکتے ہیں۔ داخلہ فارم اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس ملک کے مختلف شہروں میں قائم یونیورسٹی کے 44 علاقائی دفاتر اور 100سے زائد رابطہ دفاتر سے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کو پروگرامز کی اہلیت تعلیمی طریقہ کار اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے متعلقہ پراسپیکٹس ملاحظہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔