کراچی۔ 09 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کا فکر و فلسفہ انصاف پر مبنی خوشحال معاشرے کیلئے مشعل راہ ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو 147ویں یوم ولادت کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی فلسفیانہ شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزادی اور اتحاد کی شمع روشن کی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم علامہ اقبال کی آگہی، ہمت اور مقصدیت پر مبنی حکمت،
وژن اور انقلابی جذبے کا احترام کرتی ہے،علامہ اقبال کی تعلیمات کا نچوڑ انصاف، مساوات اور ترقی پر مبنی پاکستان ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یوم اقبال کا دن قومی ترقی کے لئے انتھک محنت، ہر تفرقہ کے خاتمے، روشن اورمتحد پاکستان کی تعمیر کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔