علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری اور تصانیف کے ذریعے مسلم امہ میں اتحاد اور خودی کا جذبہ بیدار کیا، سپیکر قومی اسمبلی

181

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے ان کو جدوجہد کی راہ دکھائی۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے کے 147 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی فکری رہنمائی نے آزادی کی تحریک کو نئی جلا بخشی اور بر صغیر کے مسلمانوں میں خودی، عزت، اتحاد اور عظمت کا شعور بیدار کیا۔ سپیکر نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا پیغام ہمیں اتحاد، نظم اور ایمان کا درس دیتا ہے،

ان کی تعلیمات کو اپنا کر ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو علامہ محمد اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے اور اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں عدل و انصاف، رواداری، بھائی چارے اور نظم و ضبط کو فروغ دیں۔ سپیکر نے آئندہ نسلوں کو علامہ محمد اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کے لیے، ان کے افکار و تعلیمات کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکیم الامت کی تعلیمات میں مسلم امہ کو درپیش مسائل کا حل مضمر ہے، جن پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔اںہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا پیغام ہمہ وقت، کائناتی اور رنگ و نسل کے امتیازات اور سرحدوں کے قیود سے بالاتر ہے، اور اس میں ہر رنگ و نسل اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی رہنمائی کا سامان موجود ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال مسلم اتحاد کے داعی تھے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے تھے کہ مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے عظمت رفتہ کو حاصل کر سکتے ہیں اور تمام درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے علامہ محمد اقبال کی پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی اور دور اندیش تصور مسلم امہ کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے افکار ہمیں امن اور مسلم اتحاد کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیغامات میں موجودہ علاقائی اور عالمی اختلافات اور تقسیمات کا حل مضمر ہے۔