علماءکرام کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے پرتشدد مظاہروں کی مذمت، اسلام امن اور محبت کا دین ہے، علماءکرام کی افطار ڈنر اور مشاورتی اجلاس میں گفتگو

121
علماءکرام کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے پرتشدد مظاہروں کی مذمت، اسلام امن اور محبت کا دین ہے، علماءکرام کی افطار ڈنر اور مشاورتی اجلاس میں گفتگو
علماءکرام کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے پرتشدد مظاہروں کی مذمت، اسلام امن اور محبت کا دین ہے، علماءکرام کی افطار ڈنر اور مشاورتی اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):علماءکرام نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے، کوئی شخص، فرد واحد یا گروہ اپنے نظریات حکومت پر مسلط نہیں کر سکتا، ہمارا ملک اور قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی جانب سے مشاورتی اجلاس اور افطار ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، سابق وزیر مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور دیگر علماءکرام بھی موجود تھے۔

قریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان 2016ءکے بعد قائم ہوئی، اس جماعت نے تین مرتبہ دھرنا دیا، اب چوتھی بار دھرنا دینے جا رہی ہے، اس جماعت کی جانب سے دیا گیا کوئی بھی دھرنا ایسا نہیں ہے جس میں لوگوں کی جانیں ضائع نہ ہوئی ہوں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کو اللہ نے سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، ان سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی ہستی نہیں ہے، ان کی عزت و تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ملک میں تشدد کی جو لہر پیدا کی جا رہی ہے یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے منافی عمل ہے۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، مومن مومن کا بھائی ہے، سیکورٹی ادارے اور پولیس ہماری ہے، یہ ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں، ان پر تشدد کسی طرح بھی جائز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے ناموس رسالت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ تقریب میں موجود دیگر علماءکرام نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، کوئی مسلمان یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ حضور اکرمﷺ کی شان میں کوئی گستاخی کرے، اگر کوئی شخص ایسا عمل کرتا ہے تو اس کے لئے بہترین طریقہ یہی ہے کہ حکومت، ہمارے ادارے، علماءکرام مل بیٹھ کر اس بارے میں لائحہ عمل مرتب کریں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شخص، فرد واحد یا گروہ اپنے نظریات حکومت پر مسلط نہیں کر سکتا، ہمارا ملک اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی حکومت کی رٹ چیلنج کرے۔