علی امین گنڈا پور اپنی پارٹی اور حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو زندہ رکھنے کیلئے احتجاج کی کال دیتے رہتے ہیں، صوبے کے بجٹ کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے لینے کا کہہ کر وہ عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

3
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اپنی پارٹی اور حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو زندہ رکھنے کیلئے احتجاج کی کال دیتے رہتے ہیں، ان کا یہ احتجاج بھی گزشتہ دو احتجاجوں کی طرح ناکام ہو گا، صوبے کے بجٹ کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے لینے کا کہہ کر وہ عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں ”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کے پی کے صوبائی بجٹ میں عوام کو ریلیف دینا چاہئے، ابھی تک وزیراعلی بانی پی ٹی آئی سے بجٹ منظوری کی باتیں کر رہے ہیں جو سراسر عوام کے ساتھ مذاق ہے، بانی پی ٹی آئی اپنی کرپشن پر جیل میں ہیں، نہ وہ کسی اسمبلی کے رکن ہیں، اس لئے بجٹ کی منظوری ان سے لینے کی باتیں کرنا احمقانہ بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ دراصل بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ان کے پاس محض باتیں رہ گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور بار بار احتجاج کی کال اپنی پارٹی اور حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو آکسیجن دینے کی کوشش کیلئے کرتے رہتے ہیں، احتجاج کی کال پہلے والے احتجاجوں کی طرح ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انضمام شدہ اضلاع فاٹا اور پاٹا کے عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگنے دیا، خام مال پر 10 فیصد سیلز ٹیکس نافذ ہے جس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ درآمد شدہ اس خام مال سے تیار سامان دیگر آباد علاقوں میں فروخت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے موجودہ بجٹ میں بھی وفاقی حکومت سے فاٹا اور پاٹا کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات تجویز کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی ٹولہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹا بیانیہ گڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جو 25 جولائی 2023ء سے کیپرا کے ذریعے مالاکنڈ، باجوڑ، سوات، خبیر جیسے علاقوں میں سروسز پر سیلز ٹیکس لگا چکی ہے اور وہ اب عوام کے سامنے فرشتے بننے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انہیں واقعی فاٹا اور پاٹا کے عوام سے ہمدردی ہے تو وہ اپنی حکومت سے کیپرا کے ذریعے لگائے گئے ٹیکس ختم کرائے۔ عوام ان کے جھوٹے بیانیے کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی ان کے پراپیگنڈے پر کان نہیں دھریں گے۔