لاہور۔8مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے عمان میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے عمان کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پراپرٹی کا کاروبار بند ہونے سے نئے کارخانے تیزی سے لگ رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے جو سولر انرجی پر ہوگا،گارمنٹ سٹی میں حکومت صنعتی یونٹس لگانے کیلئے عمارتیں بنا کر کرائے پر دے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین،آذربائجان،آسٹریا، ترکی،متحدہ عرب امارات،برطانیہ اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں،عمان کے ساتھ حکومتی اور عوامی سطح کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، عمان کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے،
عمان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔عمان کے سرمایہ کاروں کے وفد میں صنعت کار سید زیب حسین،ملک یامین اعوان،رانا سکندر،عمران شیخ اور دیگر شامل تھے جبکہ ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے موجود سازگار ماحول کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید زیب حسین کا کہنا تھا کہ عمان کے سرمایہ کاروں کا بڑا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570365