عمان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے ہوں گے

جنیوا۔15فروری (اے پی پی):سوئس حکام نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے کے دوران جنیوا میں منعقد ہوگا جس کی میزبانی سلطنت عمان کرے گی۔ عمان اس سے قبل رواں ماہ مسقط میں پہلے دور کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔ العربیہ کے مطابق سوئس وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے میں سہولت …

جنیوا۔15فروری (اے پی پی):سوئس حکام نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے کے دوران جنیوا میں منعقد ہوگا جس کی میزبانی سلطنت عمان کرے گی۔ عمان اس سے قبل رواں ماہ مسقط میں پہلے دور کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔ العربیہ کے مطابق سوئس وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے میں سہولت کاری کے لیے کسی بھی وقت کوششیں کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمان آئندہ ہفتے جنیوا میں امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کی میزبانی کرے گا تاہم انہوں نے کسی حتمی تاریخ کا ذکر نہیں کیا۔ فرانس پریس کے مطابق انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سوئٹزرلینڈ ان مذاکرات کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دو امریکی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی فوج ایران کے خلاف ہفتوں تک جاری رہنے والے مسلسل آپریشنز کے امکان کی تیاری کر رہی ہے بشرطیکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ حملے کا حکم دیں۔

رائٹرز کے مطابق یہ ممکنہ طور پر دونوں ملکوں کے درمیان اب تک دیکھے گئے تنازعات سے کہیں زیادہ خطرناک تصادم ثابت ہو سکتا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) مشرقِ وسطیٰ میں ایک اضافی طیارہ بردار بحری جہاز روانہ کرے گا جس کے ساتھ ہزاروں فوجی، جنگی طیارے، گائیڈڈ میزائل شکن بحری جہاز اور دیگر دفاعی و جارحانہ صلاحیتوں سے لیس جنگی قوت بھی شامل ہوگی۔دریں اثنا وائٹ ہاؤس نے زور دیا ہے کہ ایرانی معاملے کے حوالے سے تمام آپشنز میز پر موجود ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر کسی معاہدے تک نہ پہنچا گیا تو ایران کے لیے حالات بہت خراب ہو جائیں گے۔