عمران خان اور شیخ رشید 20کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں ،طلال چوہدری

100

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید 20کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں ،نواز شریف سے استعفیٰ مانگنے والوں کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ 20کروڑ پاکستانیوں کے سامنے جا کراپنا موقف رکھیں، اگر 20 کروڑ کی جے آئی ٹی نے ہمیں گنہگار قرار دے دیا تو ہم بغیر پوچھے گھر چلے جائیں گے۔اسلام آباد میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ مخالفین ہم پر عدلیہ کی توہین کا الزا م لگاتے ہیں جبکہ وہ خود اداروں کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں ،ہمیں کہا گیا کہ جے آئی ٹی کو قصائی کی دوکان کیوں کہا گیا ؟تو شیخ رشید نے یہ کیوں کہا کہ قربانی سے پہلے قربانی اس لیے نہیں ہوئی کیونکہ قصائی بھاگ گیا ؟کوئی شیخ رشید سے پوچھے کے قصائی کسے کہا تھا ؟،عمران خان نے ایمپائر کی انگلی کی بات کی تھی تو ان کا اشارہ کس کی جانب تھا۔طلال چوہدری نے کہا کہ اگرکوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم کسی ادارے کے احترام میں کمی کریں گے تو وہ غلط سوچ رہا ہے،ہم اپنے تحفظات لے کر سپریم کورٹ جائیں گے۔