عمران خان اپنے غیر ملکی آقاوں سے این آراو مانگ رہا ہے، اس شخص کو لگام نہ دی گئی توشدید عوامی رد عمل آ سکتاہے ، وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان حالات کو دیکھ کر این آراو مانگ رہا ہے، یہ شخص ملک میں فتنہ و فساد پیدا کرنا چاہتا ہے اسے لگام نہ دی گئی تو شدید عوامی رد عمل آ سکتاہے ۔نواز شریف کی وطن واپسی پر پاکستانی قوم جس طرح ان کے استقبال کے لئے جائے گی، ان میں سے کسی کو بھی چھپنے کے لئے جگہ نہیں ملے گی۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کرر ہے ہیں۔ کوئی خود کو دیندار کہے اور دین کے ساتھ کھلواڑ کرے یہ مناسب نہیں ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے وہ جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں ، ان کی گفتگو میں فتنہ اور فساد کے الفاظ بڑھتے جار ہے ہیں۔ ان کے بیانات سے صاف ظاہر ہے کہ ملک کو دین سے دور کرکے سیکولرازم کی طرف لے کر جانا چا ہتے ہیں حالانکہ پاکستان اس لئے نہیں بنا تھااورلوگوں نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں اس لئے نہیں دی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ فتنہ چل نکلا تو ملک میں خونریزی ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے لئے دہرامعیار قابل قبول نہیں ۔

اگر اس فتنے کو لگام نہ دی گئی تو شدید عوامی رد عمل آسکتاہے۔ کسی کے دبائو میں آئیں اور قانون سے ماوراعمل قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سب کو معلوم ہے کہ یہ کس کی غلامی کرنے کے لئے کہاں کہاں مارا مارا پھر رہاہے۔ نوکری کے لئے اب یہ شخص امریکی سلیکشن کمیٹی پر انحصار کررہا ہے اور اپنے اداروں کو للکار رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال میں عوام کرب سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اصلاح کے لئے با ت کی ہے ہم کب تک اس طرح سوچتے رہیں گے۔ مجھ سمیت پوری قوم یہ مطالبہ کررہی ہے کہ پارلیمانی کمیشن بنا کر جاوید ہاشمی ، سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور طلال چوہدری کے انکشافات کا جائزہ لے کر فیصلہ کیاجائے کہ حب الوطنی کس چیز کا نام ہے؟۔ انہوں نےکہا کہ شریعت کورٹ دین کے حوالے سے عمران خان کے بیانات کا نوٹس لےاور اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی اس معاملے میں متحرک ہونا ہوگا۔

ہم اسلامی تشخص پرحملے کر برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک شخص اپنا سی وی لے کر کس کس کے پیچھے گھوم رہا ہے اور این آر و مانگ رہاہے۔ قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف آ ر ہے ہیں اور پاکستانی قوم جس طرح ان کے استقبال کے لئے جائے گی ، ان میں سے کسی کوچھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں میاں جاویدلطیف نے کہا کہ عمران خان کے بیانات کا ملک کے گلی کوچوں سے رد عمل آ رہا ہے ، ہم ملک کو خونریزی اور فساد سے بچانا چاہتے ہیں۔ عمران خان کی مذاکرات کے حوالے سے آمادگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان حالات کو دیکھ کر اداروں اور اپنے غیر ملکی آقائوں سے این آراو مانگنے کی کوشش کررہا ہے۔