عمران خان تم جیل بھرو تحریک شروع کرو میں تمہارا علاج کروں گا،رانا ثناءاللہ

ملتان۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں انہیں ان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤ ںکو رکھا تھا۔ان پر کوئی سختی نہیں کریں گے ،انہیں ہرچیز مہیا کریں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں مسلم لیگ( ن) ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ عمران خان تم جیل بھرو تحریک شروع کرو میں تمہارا علاج کروں گا۔ 25مئی کو جوتمہارے ساتھ ہوا یاد ہے۔ تم اسلام آبادکو لاک کرنے کے لیے انسانوں کا سمندر لے کرآرہے تھے۔ اسی طرح 26نومبر کو جو ہوا تمہیں یاد ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ جو پروپیگنڈہ کیاجارہاہے کہ ہم الیکشن سے گھبرا رہے ہیں تو ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ہم الیکشن کےلئے تیارہیں۔ الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ کارکن تیاری کریں، الیکشن دوماہ میں ہوں یا دس ماہ میں ہم الیکشن میں جیت کے جذبے کے ساتھ جائیں گے۔

یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کے الیکشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نوازشریف پر اعتماد کریں اورنوازشریف نے جس طرح پہلے بھی ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اب بھی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ہے۔عوام مشکلات کاشکارہیں ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہورہاہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ملک آج اس حالت میں کیسے پہنچا۔آپ نے نوازشریف کا پیغام ہرگھر میں لے کر جانا ہے اور انہیں بتانا ہے کہ اس ملک کو اس نہج اور حالت میں لانے والا کون ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا، پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا، ہمارا مستقبل اس میں تھا کہ ہم ایٹمی دھماکے کریں، پاکستان ایٹمی قوت اس دن بنا جس دن ایٹمی دھماکے ہوئے، آج پاکستان موجود اور قائم ہے تو اس کی وجہ ایٹمی قوت ہے۔انہوں نے کہاکہ 1999 میں پاکستان بحران میں تھا لیکن نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نوازشریف نے کیا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کہ لاڈلے نے 2014 سے لیکر اب تک ایک ہی کام کیاہے، لانگ مارچ ،دھرنا دینا اور پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھ کر نازیبا زبان استعمال کرنا۔انہوں نے کہاکہ 126 دن تک جاری رہنے والا دھرنا اے پی ایس کے واقعہ کے بعدختم کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے قوم کو متحد کرنے کے لیے عمران خان کو خود فون کیا، اسے دعوت دی کہ آؤ بیٹھو، قوم کو متحد کرو، نوازشریف نے قوم کو متحد کیا اور دہشتگردی ختم کی۔