اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹا، منافق اور چور ہے، پیسہ 2018ء، سینیٹ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ڈسکہ کے انتخابات میں عمران خان ووٹ چور نے چلایا تھا، وفاداریاں خریدنے کا سیاسی دھندا عمران خان کا ہے، عمران خان پر ان کے ممبران عدم اعتماد کر چکے ہیں۔
جمعرات کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمشنر پر فارن فنڈنگ کیس کا غصہ نکال رہے ہیں، عمران صاحب یہ سکندر سلطان ہیں، جاوید اقبال نہیں جو آپ کی بلیک میلنگ اور دھمکی میں آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب چیف الیکشن کمشنر سے این آر او مانگ رہے ہیں، عمران خان وزیراعظم، چیف الیکشن کمشنر، چیئرمین نیب، چیف جسٹس آف پاکستان، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی پولیس پنجاب، ایس ایچ او بننا چاہتے ہیں، عدم اعتماد اور خریدوفروخت کے فرق کو سمجھو۔