عمران خان جیل بھروتحریک کاآغاززمان پارک سے کریں ،عمران خان نے جوجرائم کئے ان کی سزابھگتناپڑے گی۔مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو

ملتان۔6فروری (اے پی پی):مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزراورسینئر نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عمران خان کی جیل بھروتحریک کاآغاززمان پارک سے ہوناچاہیے، ہم انتظار کر رہے ہیں کہ یہ جیل بھریں ہم نظریں بچھائیں بیٹھے ہیں۔ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ جیل کیابھریں گے یہ توچھپے بیٹھے ہیں اورانہوں نے فرنٹ لائن پرخواتین کور کھاہواہے ۔یہ خودسامنے تو آئیں ،قانون اپنا راستہ بنائے گا۔عمران خان نے جوجرائم کئے ان کی سزابھگتناپڑے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ رانا ثناءاللہ نے جعلی مقدمے میں چھ ماہ قید کاٹی ،عمران خان کو ابھی کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو2017ءمیں ایک اقامہ پرنکالاگیا،پانامہ کیس کے دوران ہفتے میں پانچ دن پیشی پرہوتے تھے ،ایک دن میں دو،دوبارعدالت میں جاتے تھے ۔عمران خان کے خلاف ناجائز پیسے کے ثبوت بھرے پڑے ہیں وہ توبدنام زمانہ کیس میں بھی عدالت میں نہیں آتے۔ایسی سہولت کیانواز شریف کو حاصل تھی ،کیامریم کو یہ سہولت حاصل تھی ،سب جانتے ہیں کہ کیس جھوٹے تھے ،ہم سے انتقام لیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں احساس ہے کہ ملک مشکل حالات میں ہے ،سب جانتے ہیں کہ مشکلات کس کی وجہ سے ہیں ۔

مہنگائی کم کرنا قیمتیں کنٹرول کرناصوبے کاکام ہے پنجاب ،خیبرپختوانخوا اورآزادکشمیر تحریک انصاف کے پاس رہے ،یہ ساراملبہ شہبازشریف پرڈال کرچلے جاتے ہیں ،ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے ،جھوٹی تسلیاں نہیں دیں گے جووعدہ کریں گے پوراکریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کیساتھ ایک پروگرام نواز شریف نے دیا۔اس پروگرام کے تحت بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا، مہنگائی کم کرنے کے عملی اقدامات کررہے ہیں۔

نواز شریف نے 2016 میں کامیاب پروگرام کے بعد آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔2018 میں انکو مستحکم پاکستان ملا لیکن انہوں نے ملک کو گروی رکھوا دیا گیا۔معیشت کو خراب کرنے میں چار سال لگے، اب اسے بہتر کرنے کیلئے عرصہ درکار ہے ،ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کا اصولی موقف اپنایا اور قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نے اقتدار میں اسٹیبلشمنٹ کو بہترین اور اقتدر کے بعد خراب قرار دیا۔1999 اور 2017 میں نواز شریف کو اقتدار سے الگ کیا گیا ، تو ہم نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا۔

قیادت نے ہمیشہ جبر و انتقام اور جبر کا سامنا کیا لیکن سمجھوتہ کبھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان طبقہ ہماری طاقت ہے ،انہیں اعلی تعلیم اور ہنر کی فراہمی کے پروگرام دیں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تاریخ کے دو بڑے آپریشنز ضرب عضب اور ردالفساد شروع کئے،لیکن خان حکومت نے گزشتہ دس سال کے پی کے دروازے دہشت گردوں کیلئے کھلے رکھے۔اسی وجہ سے اب دہشتگرد روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں دھماکے کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف دنیا سے جاچکے ان کامعاملہ اب اللہ کے سپردہے ،ان کے دورمیں منتخب وزیراعظم کے ساتھ جوہوااس سے قوم نے کیاسیکھا ،سب کو پتہ ہے کہ ڈکٹیٹرشپ کے کیانقصانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں،دوروں کا مقصد جماعت اور کارکنوںکو متحد و متحرک کرنا ہے،امید کا دیا روشن ہے دن رات ایک کرکے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف فارن فنڈنگ و توشہ خانہ کیسز کے باوجود عمران خان اور اسکے ساتھی دو گھنٹے جیل برداشت نہیں کرسکے۔عدالتوں میں پی ٹی آئی قیادت کے شواہد پر مبنی کیسز موجود ہیں، انکو ضمانتیں مل جاتی ہیں۔

ہمیں یہ سہولت دستیاب نہ تھی،جو جرائم عمران خان نے کئے انکی سزا ضرور ملنی چاہیے،عمران خان اپنے جرائم کو سیاسی انتقام نہیں کہہ سکتے،انصاف ہونا شروع نہیں ہوا لیکن انصاف ضرور ہوگا۔ جب تک انصاف کا معیار ایک نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ وفا نہ کیا گیا۔عمران دور میں میڈیا کے ہزاروں کارکنوں کو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔مسلم لیگ ن آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ انتقام اور جرائم کی جوابدہی میں بہت فرق ہے۔پی ٹی آئی قیادت کیخلاف ایک بھی کیس سیاسی بنیاد پر نہیں بنایا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ الیکش کمیشن حکام و خاندانوں کو دھمکیاں دیں گے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔جیل بھرو تحریک کا آغاز انکی قیادت سے ہونا چاہیئے۔

۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا صوبہ جنوبی پنجاب محاذ الیکشن کے دن تک کیلئے تھا۔ن لیگ نے آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اسمبلی سے الگ صوبے کی قرارداد پاس کرائی ۔مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کا اصولی موقف اپنایا اور قربانیاں دیں،عمران خان کو سیاسی لحاظ سے غیر متعلقہ کریں گے ۔بعدازاں مریم نواز نے ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات کی اور ان سے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مسلم لیگ(ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز لیگی رہنماءمحمد علی کھوکھر کی رہائش گاہ بھی گئی اوران سے والدہ کی وفات پر اظہارتعزیت کیا۔