اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملک کو خطرے میں ڈال دیا، عمران خان ملک پر تین سال سے زیادہ حکومت کرنے کے باوجود خارجہ امور کے معاملات کو درست طریقے سے نہیں چلا سکے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف ذاتی مفاد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے یا جلسہ عام کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم کسی کو قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔