عمران خان فرد جرم سے بچنے کیلئے عدالت میں پیشی میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، عطاء تارڑ

64

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان فرد جرم سے بچنے کیلئے عدالت میں پیشی میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس پر پتھرائو اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، زمان پارک سے ملنے والے اسلحہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گرد جماعت بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے زمان پارک کو نوگو ایریا بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف آج توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی یہ عادی مجرم ہے، پہلے اس نے عدالت کے وارنٹ وصول کرنے سے انکار کیا، پولیس گرفتاری کیلئے زمان پارک گئی تو اسلحہ سے لیس کارکنوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پرحملے کئے، لاہور میں بدامنی پھیلائی گئی، لوگوں کے جان و مال کو نقصان پہنچایا گیا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف فرد جرم سے بچنے کیلئے کیا گیا کیونکہ توشہ خانہ کا ان کے پاس حساب نہیں ہے، ان کے پاس رسیدیں نہیں ہیں لیکن انہیں حساب اور رسیدیں دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ کی سماعت کو بار بار تاخیرکا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی عدالت میں پیش ہونے کی کوئی نیت نہیں، یہ کسی بھی طریقہ سے عدالت میں پیشی سے بچنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس پیسوں کی جانچ پڑتال کا کیس ہے، حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ان کی عدالت کی پیشی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بدعنوان شخص ہے، فرد جرم سے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں انہوں نے چھ سال تاخیر کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بدامنی نہیں پھیلانے دیں گے، وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس پر پتھرائو بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بزدل آدمی ہیں، قانون کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں، الیکشن کمیشن اسے نااہل قرار دے چکا ہے، اسلام آباد پولیس پر عمران خان کے ساتھ آئے ہوئے لوگوں کی جانب سے پتھرائو کیا جا رہا ہے اور آنسو گیس پھینکی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کے پاس کالعدم تنظیموں کے لوگ تھے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریک انصاف دہشت گرد جماعت بن چکی ہے ، جب پولیس پر پتھرائو اور شیلنگ کی جائے وہ اپنا دفاع کرے گی۔