کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اگر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں تو یہ اچھی بات ہے،صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے نکالیں، اس لئے ضرورت پڑنے پر پیپلز پارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کریگی۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا کہ خبریں چل رہی ہیں کہ عمران خان بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں یہ اچھی بات ہے وہ آگے بڑھیں کیونکہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی محسوس کر رہے ہیں کہ سیاستدانوں کو ایک جگہ بیٹھنے کی ضرورت ہے اور وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسمبلیاں چلیں اور پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اگر کہتے ہیں کہ وہ 9 مئی میں ملوث نہیں ہیں تو ان واقعات کی مذمت کریں۔