کراچی۔22نومبر (اے پی پی): وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے یوٹرن لے لے گا، تاجر برادری عمران نیازی کو میثاق معیشت پر راضی کرلے، میں اپنی قیادت کو منا لوں گا۔ تاجر برادری کی جانب سے سپورٹس سٹی کے آئیڈیا پر وزیراعلی سندھ سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جمخانہ میں معروف تاجر رہنماایس ایم منیر کی جانب سےپہلے پلس سکسٹی ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرکے قومی پلس سکسٹی ٹیم نے ثابت کردیا کہ گوروں کی نسبت ہماری فٹنس بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال انڈر 40ولڈ کپ کے انعقاد میں سندھ حکومت مکمل معاونت کرے گی۔ تاجر رہنمائوں کی جانب سے کراچی میں اسپورٹس سٹی کے قیام کی تجویز پر سعید غنی نے کہا کہ آئیڈیا اچھا ہے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے اس پر بات کروں گا۔اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ فٹ بال ولڈ کپ شروع ہوچکا ہے، مجھے برازیل کی ٹیم پسند ہے تاہم ارجنٹائن کی ٹیم بھی مضبوط ہے لیکن ہماری نظریں پاکستانی سیاست کے میچ پر فوکس ہیں۔ تاجر رہنمائوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاسی تاریخ یوٹرن سے بھری پڑی ہے، یہ شخص ملک کو تباہی کے دھانے پر لے جانا چاہتا ہے،ہم سب میثاق معیشت پر یقین رکھتے ہیں تاہم عمران نیازی کو معیشت کی کوئی فکر نہیں، تاجر برادری عمران خان نیازی کو میثاق معیشت پر راضی کرلے میں اپنی قیادت کو منالوں گا۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں کو ہورہا ہے، مجھے لگتا ہے لانگ مارچ کی تاریخ پر تاریخ دینے والے عمران خان نیازی کا لانگ مارچ 26 نومبر کو اسلام آباد یا راولپنڈی پہنچنے سے پہلے یوٹرن لے لے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ آرمی چیف ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے جس کے بعد نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے ساتھ ہی عمران نیازی کی سیاست کا خاتمہ ہوجائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ حکومت میں توسیع انتہائی مشکل ترین حالات میں ہوتی ہے تاہم پاکستان کے حالات ایسے نہیں کہ توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے، بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی سب سے اہم مسئلہ ہے، سندھ میں آنے والے سیلاب نے ہماری کمر توڑ دی ہے، صرف گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لئے ساڑھے تین سو ارب روپے اور سکولوں کی بحالی کے لئے 16ارب روپے کی ضرورت ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لئے بھی خطیر سرمایہ کی ضرورت ہے۔ تقریب سے ایس ایم منیر، پلس سیکسٹی کے کپتان فواد احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پلس سکسٹی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز، معروف تاجر رہنمائوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو کپتان فواد احمد کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔\932