عمران خان کا پاکستان،افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے،شیری رحمنٰ

155
عمران خان کا پاکستان،افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے،شیری رحمنٰ

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمنٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کا پاکستان،افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے،بطور سابق وزیراعظم عمران خان پاکستان کی نہیں بلکہ کسی اور کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

بدھ کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خطے کے سکیورٹی معاملات اور تاریخ کی اتنی ہی سمجھ ہے جتنی ان کو جرمنی اور جاپان کی جغرافیہ کی ہے‏جس شخص کے دور حکومت میں پاکستان خارجہ تنہائی کا شکار ہوا وہ آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو خارجہ امور پر مشورے دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی 8 ماہ کی سفارتی کامیابیوں کا عمران خان کے چار سال کی سفارتی تنہائی سے کوئی موازنہ نہیں، یہ ملک کو سفارتی دلدل میں ڈال کر گئے تھے۔‏وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی بہادر پولیس کی بھی دل آزاری کی ہے،

ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف صف اول میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہماری دفاع کی پہلی لائن ہے۔ افسوس یہ ہے کہ عمران خان پولیس کی حوصلہ افزائی کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔