سپیکر قومی اسمبلی اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی کا ماجد جہانگیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے معروف سینئر اداکار وکامیڈین ماجد جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے ماجد جہانگیر کی پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماجد جہانگیر سالوں سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔

ان کا انتقال شوبز انڈسٹری کے لئے بڑا نقصان ہے ۔ان کی اداکاری و کامیڈی کی یادیں عرصہ دراز تک ہمارے دلوں میں تازہ رہیں گی۔ سپیکر و قائم مقام سپیکر نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کو اس ناقابلِ تلافی صدمے کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔