نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) سرگودھا، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، محکمہ جیل خانہ جات اور انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کے اشتراک سے عالمی یومِ خواندگی کے سلسلے میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی
این سی ایچ ڈی سرگودھا کے زیر اہتمام عالمی یومِ خواندگی کے حوالے سے تقریب منعقد، شرح خواندگی میں اضافے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) سرگودھا، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، محکمہ جیل خانہ جات اور انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کے اشتراک سے عالمی یومِ خواندگی کے سلسلے میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سعید اللہ گوندل تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھاوری، ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن سید علی عابد نقوی، ڈائریکٹر ایلمنٹری سکول ایجوکیشن چوہدری محمد یار تلہ، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی، این سی ایچ ڈی افسران، یونیورسٹی فیکلٹی، طلبہ و طالبات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر الحسن نے کہا کہ عالمی یومِ خواندگی تعلیم کو قومی ترجیح بنانے کی یاد دہانی ہے۔ سرکاری سکولوں کے معیار، اساتذہ کی تربیت، بنیادی سہولیات اور بالخصوص دیہی علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔آصف علی تارڑ نے کہا کہ این سی ایچ ڈی ناخواندگی کے خاتمے اور غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول پر سرگرم عمل ہے۔ ”ہر ایک پڑھائے ایک“ پروگرام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ ایسا پاکستان جہاں ہر بچہ سکول جائے، ہر نوجوان کو تعلیم و ہنر اور ہر شہری کو جدید معلومات تک رسائی حاصل ہو، مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ این سی ایچ ڈی یونیورسٹی آف سرگودھا کے تعاون سے ”ہر ایک پڑھائے ایک“ پروگرام پر خصوصی طور پر کام کر رہا ہے۔سید علی عابد نقوی نے کہا کہ بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں تعلیم اور تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،بھیک مانگنے والے بچوں کو تعلیم اور ضروری وسائل فراہم کرکے معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔چوہدری محمد یار تلہ نے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ بنیادی انسانی حق اور بااختیار فرد و مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے،شرح خواندگی میں اضافے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی نے کہا کہ موجودہ دور میں عملی خواندگی میں ڈیجیٹل، مالی اور صحت سے متعلق معلومات کو سمجھنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔ این سی ایچ ڈی کا ”ہر ایک پڑھائے ایک“ پروگرام شرح خواندگی میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔مہمان خصوصی سعید اللہ گوندل نے کہا کہ تعلیم اور خواندگی ملکی ترقی و خوشحالی کی بنیادی ضمانت ہیں،بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور عوام میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تمام اداروں کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ این سی ایچ ڈی کا تعلیمِ بالغاں پروگرام جیل خانہ جات میں ناخواندہ قیدیوں کو تعلیم دے کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر خواندگی کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والے معزز مہمانان کو خصوصی شیلڈز جبکہ تعلیمِ بالغاں اور ”ہر ایک پڑھائے ایک“ پروگرام کے معاون رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔








