ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مضبوط بنیادی تعلیم انتہائی اہم ہے اور ابتدائی و اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان موثر روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں زندگی ٹرسٹ کے بانی اور صدر شہزاد رائے سے ملاقات کے …
ابتدائی و اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان موثر روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، چیئرمین ایچ ای سی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مضبوط بنیادی تعلیم انتہائی اہم ہے اور ابتدائی و اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان موثر روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں زندگی ٹرسٹ کے بانی اور صدر شہزاد رائے سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے زندگی ٹرسٹ کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم کے درمیان روابط مضبوط بنانے، طلبہ کی ایک تعلیمی مرحلے سے دوسرے مرحلے میں منتقلی کو مزید آسان بنانے اور نوجوان نسل کو ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بہتر طور پر تیار کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کرکے انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔








