ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے پاکستان کے بیرونی کھاتوں کو سہارا مل رہا ہے ،خرم شہزاد

وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے پاکستان کے بیرونی کھاتوں کو سہارا مل رہا ہے اور ملکی زرمبادلہ ذخائر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔بدھ کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو رواں مالی سال27۔2026کے ابتدائی دو ماہ کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 7.29 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں …

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے پاکستان کے بیرونی کھاتوں کو سہارا مل رہا ہے اور ملکی زرمبادلہ ذخائر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔بدھ کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو رواں مالی سال27۔2026کے ابتدائی دو ماہ کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 7.29 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ ہیں۔

اگست 2026میں ترسیلات زر کاحجم 3.656 ارب ڈالررہا جو اگست 2025کے مقابلے میں 16.5 فیصد جبکہ جولائی 2026 کے مقابلے میں0.7 فیصد زیادہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کی طرح جاری مالی سال کے دوران بھی ترسیلات زرمیں اضافہ کارحجان جاری ہے،گزشتہ مالی سال کے دوران ترسیلات زر کا حجم 41.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر لاکھوں پاکستانی گھرانوں کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہونے کے علاوہ ملک کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت اور بیرونی شعبے کی مجموعی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ترسیلات زر کے مضبوط بہائو سے پاکستان کے بیرونی مالیاتی دبائو میں کمی، زرمبادلہ کے بفرز میں بہتری اور معیشت میں بیرونی جھٹکوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔