اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا کر دار سیاستدان کا نہیں جس کی وجہ سے موجودہ سیاسی صورتحال میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، کسی صوبے کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ وفاق پر حملہ کرے اور اگر اس طرح کی سیاست کرنی ہے تو پھر آئین کو ختم کر دیں اور جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہوگی وہی حکمران ہوگا۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان درجنوں جلسے کررہے ہیں مگر قوم کو اپنے ساڑھے تین سال کا حساب نہیں دیتے کیونکہ ان ساڑھے تین سالوں میں اس نے معیشت تباہ کر دی اور ملک کا بیڑہ غرق کردیا اور اب کہتا ہے کہ ہم سمجھ گئے ہیں اور ہم تجربہ کار ہوگئے ہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار ہے اور اس معاملے پر عمران خان کے کچھ کہنے یا نہ کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دن میں دس باتیں کرتا ہے اور سیاستدان کی ایک ہی پہچان ہے کہ وہ جب قوم سے کوئی وعدہ کرے تو وہ پورا کرے مگر اس کی تو پوری سیاسی زندگی یوٹرن سے بھری ہوئی ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ اس ملک کے ساتھ کافی عرصہ سے بڑی زیادتی ہورہی ہے اور وہ یہ کہ ہم ورلڈ بینک ، آئی ایم ایف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مقروض رہیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے نہ ہونے پائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ماضی میں کوئلے سے بجلی پیدا کر نے کے معاہدے کئے تو کسی طریقے سے ان کو بند کرایا گیا مگر چائنہ، جرمنی، امریکہ اور انڈیا کوئلے سے بجلی پیدا کررہے تھے ان کےلئے قانون اور تھا اس لئے نظر یہی آرہا ہے کہ دنیا بھی یہی چاہتی ہے پاکستان ترقی نہ کرے ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت سے نکلتا ہے اور بات چیت کیلئے حکومت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست اور پارلیمنٹ کو مذاق سمجھ رکھا ہے اور یہ لوگ کبھی استعفے دیتے ہیں اورکبھی استعفے واپس لینے کیلئے در در جا کر سر ٹکراتے ہیں۔