
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں، الیکٹورل ووٹ کے امین لوگوں کو عوام کا ووٹ غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے، ہم کیسے ایک قانون کے مطلوب شخص کو پاسپورٹ دے کر مدد کرسکتے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا ہم سہولت کار بنیں اور نواز شریف کہیں اور چلے جائیں۔ وہ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سیاست میں پیسے کے کلچر کو عام کیا ، ہمارا واضح موقف ہے کہ پیسے کی سیاست ختم کرکے اہلیت اور میرٹ کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست آج شام تک مکمل ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے اقرار کرلیا کہ پی ڈی ایم کے مستقبل اندھیرے میں ہے، مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی انکو ایسی بیماریاں کیوں لاحق ہوتی ہیں جن کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اس طرح کے پیغامات سے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کررہی ہیں، حکومت کی طرف سے مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت قطعی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف یہاں سے علاج کروانے گئے اور باہر جاکر سیاست شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے ٹریول ڈاکومنٹ جاری کرینگے تاکہ وہ وطن واپس آئیں۔