عمران خان کتنے باعزت ہیں،نشاندہی کے لئے ریحام خان کی کتاب کافی ہے، وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کا عمران خان کی گفتگو پر ردعمل

200
Faisal Karim Kundi

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کتنے باعزت ہیں، نشاندہی کے لئے ریحام خان کی کتاب کافی ہے۔ عمران خان کی کیا عزت ہو سکتی ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو بھی بیٹی نہیں مانتا۔ اس شخص نے دوست ممالک کے سربراہان کی طرف سے دئیے ہوئے تحفے بیچ دئیے۔ کوئی باعزت شخص تو دوستوں کے دئیے ہوئے تحفے نہیں بیچتا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف علی زرداری کی دنیا میں عزت ہے۔ انہوں نے دہشتگردوں سے مزاحمت کی۔ آصف علی کا سیاست میں بلند مقام ہے ۔انہوں نے 1973ءکا آئین بحال کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت دی جبکہ عمرا ن خان کی عزت یہ تھی کہ ایک ملک کے حکمران نے انہیں اپنے جہاز سے اتار دیا تھا۔ عمران نیازی پاکستان کے واحد وزیراعظم تھے جو سفارتی استثناءکی پناہ میں امریکہ جاتے تھے۔