عمران خان کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی ، الیکشن سے قبل دنگے فساد کی کوشش کرنے والے اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودیں گے ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکا تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

126

راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت آئینی مدت پورے کرے گی ، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، الیکشن سے قبل دنگے فساد کی کوشش کرنے والے اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودیں گے ، راولپنڈی طالبات کی تعلیم کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین مری روڈ راولپنڈی میں نئے ملٹی پرپز ہال (عائشہ صدیقہ ہال ) کے تعلیمی بلاک کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لیے راولپنڈی کا انتخاب کیاہے ، میرا شہر پڑھا لکھا شہر ہے ،وہ ذمہ داریوں کو سمجھتا ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ مہنگائی کے اسباب کیاہیں ،عالمی سطح پر قیمتیں کس قدر بڑھ چکی ہیں ،عمران خان مہنگائی کے مسئلہ کو خود دیکھتے ہیں اور مہنگائی پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں ،پی ڈی ایم والے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے ، آئین اور قانون کی پاسداری کی جائے گی ،اگر وہ آئین و قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو کوئی انہیں کچھ نہیں کہے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ بیس یا بائیس مہینوں بعد جب الیکشن آئے گا تو نون لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی ،امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ نون اور شین دو دو مسلم لیگیں ہیں ، جو میں کہتا تھا وہ امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے ،الیکشن سے پہلے تیسری لیگ بھی وجود میں آجائے گی ،ملک کو الیکشن کی طرف تو جانا ہے تاھم اگر یہ الیکشن سے قبل کوئی دنگا فساد کریں گے تو اپنے لیے برا کریں گے یہ اپنے لیے سیاسی گڑھا کھودیں گے ،ان شاءاللہ عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی ،

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان بحریہ نے مجھے ہیڈکوارٹر کی بھی دعوت دی ہے ، نیوی نے تیسری مرتبہ بھارتی سب میرین کو واچ کیاہے اور اس کو مارک کیاہے اور اس کو شٹ اپ کال دی ہے ،پاک بحریہ ،پاکستان فضائیہ اور پاکستان کی زمینی فورسز چاق و چوبند ہیں ۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہوئے پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرتی بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کاپہلے ہی بہت معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز “حمزہ” کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزیدپختہ ہوگیاہے،پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے۔

ڈالر کی قیمت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پانچ کمپنیوں کی تحقیقات کی ہیں اور پچاس لوگوں سے تحقیقات جاری ہیں ، کوشش یہ ہے کہ ڈالر کی نقل و حمل کو روکا جاسکے اور ڈالر کو بہتر سطح پر رکھا جائے ۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ا نسداد منشیات شیخ راشد شفیق ،پرنسپل ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ڈاکٹر کنیز فاطمہ و دیگر بھی موجود تھے ۔

قبل ازیں نئے تعلیمی بلاک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب میں نے سیاست میں قدم رکھا تو خواتین کی تعلیم کے حوالے سے راولپنڈی 37ویں نمبر پر تھا اور آج راولپنڈی بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ، لال حویلی بھی کسی ایک یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کرتا ہوں ، میرا مشن تھا کہ بچیاں نرسری سے پی ایچ ڈی تک ایک ہی جگہ تعلیم حاصل کریں جس میں ہم کامیاب ہوگئے ہیں ،ہر وہ علاقہ جس میں ڈھوک کا لفظ آتا ہو وہاں پر تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں ،ہماری بیٹی پڑھی لکھی ہے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ،جو ہونہار بچیاں وسائل اور مسائل کے باعث علیٰ تعلیم کے لیے باہرکے ممالک نہیں جاسکتیں ان کے لیے لال حویلی کی جانب سے انتظام کیاجائے گا ،اگر کوئی بچی سکول یا کالج میں فیس نہ دے سکے اس کی فیس کی ذمہ داری بھی لال حویلی اٹھائے گی ،ایجوکیشن مکمل کر لی ہے اگلا مشن ہسپتالوں کی طرف توجہ دیناہے ۔

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں تعلیمی اداروں کا جال بچھانے کا خواب پورا ہوگیا ہے ، تعلیم کا فروغ ہمیشہ سے میری ترجیح رہی ہے ، راولپنڈی شہرکو تعلیم کا مرکز بنا دیاہے ، سب سے زیادہ شرح خواندگی ضلع راولپنڈی میں ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ راولپنڈی شہر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھانے کا خواب تقریباً پورا ہوگیا ہے، راولپنڈی شہر کی بچیاں ٹاپ کررہی ہیں اور سی ایس ایس کا امتحان دے رہی ہیں ۔

راولپنڈی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی بن چکی ہے ،ایک آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے ،راولپنڈی میں تین ویمن یونورسٹیاں قائم ہو چکی ہیں ،نالہ لئی منظور ہوگیاہے ،رنگ روڈ بھی منظور ہوگیاہے ، 74برس سے کنٹونمنٹ ایریا میں کوئی کالج نہیں تھا ،کینٹ کے پہلے کالج میں ایم اے کی کلاسز کا اجراءکیا گیا ۔