عمران خان کےلانگ مارچ کی وجہ سےملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثرہورہی ہے، وزیراعظم کےمعاون خصوصی اورترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کی پریس کانفرنس

عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں قوم سے کہا کہ انڈے اور مرغیاں بیچو اور خود فرح گوگی کے ذریعہ پنجاب میں کرپشن کی، اقتدار کی ہوس میں پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا،

علی امین گنڈاپور پربہت سے مقدمات ہیں ان کا جواب کون دے گا، موجودہ حکومت نے عمران خان کو آئینی طریقہ سے وزارت عظمی کے منصب سے ہٹایا، عمران خان کوبات چیت کرنے کا شوق ہے تو ہم نے ان کیلئے کمیٹی بنا دی ہے لیکن الیکشن کے حوالہ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ اتوار کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کو سلو مارچ کہہ سکتے ہیں، وہ وقتاً فوقتاً مارچ سے غائب ہو کر لاہور چلے جاتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کوئی بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے،

عمران خان کے لانگ مارچ سے معاشی صورتحال بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس کے اپنے وزیر فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس لانگ مارچ کے کیا مقاصد ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں اور پرامن جلسے اور جلوسوں پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صحافی ارشد شریف کو لانگ مارچ سے نتھی کیا، میں خود ان کی والدہ سے ملا ہوں، پی ٹی آئی ان کی شہادت پر سیاست کر رہی ہے، ہم اس طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوںنے کہا کہ کسی نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالہ سے غلط خبر منسوب کی ہے کہ انہوں نے ارشد شریف کے حوالہ سے خط لکھا ہے، اس حوالہ سے بلاول بھٹو نے کوئی خط نہیں لکھا، اس طرح کی غلط خبر چلانا کسی کوزیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ اس وقت احتجاج یا لانگ مارچ کرتے ہیں جب چین کے ساتھ کوئی نہ کوئی دورہ ہوتاہے، وزیراعظم شہباز شریف ایک دو دن میں چین جا رہے ہیں وہاں پر وہ چینی حکام سے گفتگو بھی کریں گے، اس سے قبل پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کوپاکستان کا دورہ ملتوی کرنا پڑاتھا جب بھی چین یا سی پیک کی بات آتی ہے تو پی ٹی آئی کو مارچ یادھرنا یاد آتاہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کوبھارت سراہتاہے، پی ٹی آئی ملک میں معاشی بحران پیداکرنا چاہتی ہے، عمران خان کو اگر الیکشن کرانے کا شوق ہے تو انہیں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کو توڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے بہت سے تحائف ڈیکلیئر نہیں کئے، الیکشن کمیشن نے انہیں توشہ خانہ ریفرنس پر نااہل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی دس سال حکومت رہی ہے تاہم وہاں پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور اقتدار کے بعد خود تسلیم کیا کہ وہ ڈمی وزیراعظم تھا اور ان کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا،

ہم پروہ جو الزامات لگاتے تھے عمران خان کے والد بھی کرپٹ تھے اور ان کو بھی الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیلابی صورتحال ہے اور لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان نے ٹیلی تھون سے جو 15 ارب روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کئے ان پر خرچ کر تے نظر نہیں آ رہے، ایسا نہ ہو کہ بعد میں پتہ چلے کہ یہ رقم مارچ پر خرچ کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص عافیہ صدیقی کو بچانے کیلئے نکلا تھا تو انہوں نے فرح گوگی کی وکالت شروع کی، انہوں نے قوم سے کہا کہ انڈے مرغیاں بیچو اور خود فرح گوگی کے ذریعہ پنجاب میں کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی گذشتہ روز ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، علی امین گنڈا پور پر بہت سے مقدمات ہیں ان کا جواب کون دے گا،

انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ علی امین گنڈاپور کو قتل کے مقدمہ میں گرفتارکیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالہ سے وزیراعظم اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہیں تاہم اس حوالہ سے عمران خان سے ہر گز مشورہ نہیں کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالہ سے ہم نے سیاسی کمیٹی بنا دی ہے، عمران خان رات کے اندھیرے میں پائوں پڑ جاتے ہیں جبکہ دن کو گلے پڑ جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کوبات چیت کرنے کا شوق ہے تو ہم نے ان کیلئے کمیٹی بنا دی ہے لیکن الیکشن کے حوالہ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔