عمران نیازی ایک سرٹیفائیڈ خائن ہے ، فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر شازیہ مری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

407

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صادق اور امین کا لقب اختیار کرنے والا عمران نیازی دنیا کا سب سے بڑا چور، ڈاکو اور لٹیرا نکلا، سیاست کیلئے یہودیوں، ہندوئوں سمیت ہر جائز و ناجائز طریقہ سے فنڈنگ حاصل کرتا رہا، کرپٹ باپ کا بیٹا صادق اور امین نہیں مستند خائن ہے۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وفاقی وزیر شازیہ مری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جھوٹے صادق اور امین عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈز کے حصول کے کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے 8 سال بعد سنا دیا جس میں ثابت ہو گیا کہ عمران نیازی ایک سرٹیفائیڈ خائن اور دنیا کا سب سے بڑا چور، ڈاکو اور لٹیرا ہے، یہ کیس کسی سیاسی مخالف پارٹی کی طرف سے دائر نہیں ہوا تھا بلکہ ان کے دست راست اور تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کیا تھا، عمران نیازی نے اس کیس کے فیصلہ کو دبانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا اور 8 سال تک الیکشن کمیشن پر دھونس، دھاندلی اور اپنے عہدے کے ناجائز اختیارات کا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے فیصلہ سے روکتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید، آج عمران خان جو خود ساختہ صادق اور امین بن بیٹھا تھا پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ہم شروع سے یہ کہتے تھے کہ یہ پاکستان کو برباد کرنے کیلئے غیر ملکی یہودی اور ہندوئوں سے فنڈز لے کر سیاست کر رہا ہے مگر اس وقت ہماری باتوں پر شاید توجہ نہیں دی گئی مگر سچ ایک دن سامنے آ گیا ہے اور ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ عمران خان نوجوان نسل کو گمراہ کرکے پاکستان کے مستقبل کو تباہ و برباد کر رہا ہے، ماضی کی طرح ہمارا یہ مؤقف بھی درست ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جب دنیا کا چور اور ڈاکو ثابت ہو گیا اور چوری پکڑی گئی مگر دوسری طرف بڑی ڈھٹائی کے ساتھ ان کی پارٹی یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ہم تو بڑے گنگا نہائے ہوئے پاک پوتر ہیں، ان کی طرف سے پریس کانفرنس کو دیکھ کر مجھے بڑی ہنسی آ رہی تھی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ اپنے آپ کو جتنا مرضی صاف شفاف ہونے کا دعویٰ کریں لیکن وہ شخص کبھی صاف شفاف صادق امین نہیں ہو سکتا، جس کی رگوں میں کرپٹ باپ کا خون دوڑتا ہو اور کرپشن کی کمائی سے اس کے حلق میں نوالے اترے ہوں وہ کبھی صاف شفاف نہیں ہو سکتا، عمران نیازی کا والد اکرام اﷲ نیازی وہ بیورو کریٹ تھا جسے وقت کی بدترین کرپشن کے ثابت ہونے پر سرکاری ملازمت سے نکالا گیا، یہ ہمیں آ کر صادق اور امین کے لیکچر دیتا ہے اور مخالفین پر چور، ڈاکو اور لٹیرے کے الزامات لگاتا تھا، آج اس کی چوری پکڑی گئی اور پوری دنیا کو پتہ چل گیا کہ یہ کتنا صادق اور امین ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلہ میں بتا دیا کہ عمران خان 12، 13 ایسے اکائونٹس سے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کر رہا تھا جو ممنوعہ تھے اور جن سے جائز طریقہ سے رقوم کی ترسیل نہیں کی جا رہی تھی لیکن بدقسمتی ہے کہ یہ بات ثابت ہو جانے کے بعد بھی پی ٹی آئی ان اکائونٹس کو تسلیم نہیں کر رہی، جن اکائونٹس سے رقوم کی ترسیل کی گئی یہ کس کے تھے یہ سوال اپنی جگہ پر موجود ہے، یہ اکائونٹس عارف نقوی کے تھے اور اس وقت کے پارٹی عہدیداروں کے اکائونٹس کے تھے، ان کے گورنرز عمران اسماعیل اور شاہ فرمان کے اکائونٹس تھے، الیکشن کمیشن کو یہ کہتے رہے کہ آپ پیپلز پارٹی، (ن) لیگ سمیت دوسری جماعتوں کے اکائونٹس بھی دیکھیں مگر ہم یہ کہتے ہیں کہ ہر کسی نے اپنا حساب دینا ہے، عمران نیازی اپنا اور اپنی پارٹی کا حساب دے، جب الیکشن کمیشن ہم سے دستاویز مانگے گا ہم ان کو دیں گے ، پہلے بھی دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ بین الاقوامی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں، آپ بڑے چور، ڈاکو اور لٹیرے ہیں، آپ کو صادق اور امین کا پروانہ دینے والا آج کہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان نے خود تعینات کیا تھا اور اس وقت وہ ان کی پارسائی، ایمانداری اور شفافیت کے مثالیں دیتے نہیں تھکتے تھے، آج اسی الیکشن کمشنر نے انہیں فارن فنڈنگ کیس میں چور، ڈاکو اور لٹیرا قرار دے دیا ہے، کل تک عمران خان یہ کہتے تھے کہ میں ڈاکٹر عافیہ کا کیس لڑوں گا اور اسے واپس لے کر آئوں گا مگر آج وہ گوگی بچائو مہم پر نکل چکا ہے، وہ عارف نقوی بچائو مہم پر نکلا ہوا ہے، یہ بات وہ تسلیم بھی کرتا ہے کہ عارف نقوی ان کے دوست تھے، سابق ڈی جی ایف آئی اے نعمت نے کہا ہے کہ جب میں نے عارف نقوی کی اربوں روپے کی کرپشن بارے کیس بے نقاب کیا اور عمران نیازی کو اس بارے میں آگاہ کیا تو وہ الٹا مجھ پر ناراض ہوئے کہ یہ لوگ ہمیں اور پارٹی کو فنڈنگ کرتے ہیں تم ان لوگوں کے خلاف کیس بنائو گے۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی والے چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی، ڈھٹائی کے ساتھ عمران نیازی اور پارٹی کیلئے فارن فنڈنگ کے معاملہ پر صفائیاں پیش کر رہے ہیں اور اس کے دفاع میں زمین و آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں، ہم تو ان کے طرز عمل سے حیران ہیں، 25 سال سے عمران نیازی جس کو سب سے بڑا ڈاکو قرار دیتا رہا آج اس کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا دیا، عوام دیکھ سکتے ہیں کہ اس کے اردگرد جو بھی لوگ ہیں جس پر بھی آپ انگلی رکھیں گے سب عمران نیازی کی طرح کے ہی نکلیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اب ختم ہونے جا رہی ہے، یہ ملک و قوم کا کبھی خیر خواہ نہیں تھا، ابھی تو ابتداء ہوئی ہے، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔