حکومت ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں یواے ای کے سرمایہ کاروں کو ممکن تعاون فراہم کرے گی، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات اورپاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ تعلقات ہیں اورحکومت ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں یواے ای کے سرمایہ کاروں کو ممکن تعاون فراہم کرے گی، مردان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے مسائل کو جلد حل کیاجائیگا ۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی اور مردان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد سے ملاقاتوں میں کہی۔

یواے ای کے سفیرسے ملاقات میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ اور دوطرفہ تعلقات قائم ہیں ۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت دوطرفہ تعلقات کونئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے دیگر مختلف پہلوئوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔

وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو سرمایہ کاری کے ان ممکنہ شعبوں سے آگاہ کیا جہاں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کارسرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو مزید سہولت اور تعاون فراہم کرے گی ۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر اقتصادی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں یواے ای کی نئی سرمایہ کاری کے لیے خوش آئند جذبات کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ و محصولات نے مردان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت صدر محمد فیاض خان اور صدر مرکز تنظیمِ تاجران خیبرپختونخوا شرافت علی مبارک کر رہے تھے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ صدر مرکز تنظیمِ تاجران کے پی شرافت علی شاہ اور صدر مردان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری فیاض خان نے وزیر خزانہ کومردان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کو بجلی کے بلوں، پراپرٹی ٹیکس اور سیلز ٹیکس پر سمیت درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفد نے وزیر خزانہ کو ملک کی معاشی ترقی میں اس شعبے کے کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور شعبے کودرپیش مسائل جلد از جلد حل کرنے کی درخواست کی۔ وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی ترقی میں شعبے کی شراکت اورکردار کا اعتراف کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کاجائزہ لیا جارہاہے ، انہوں نے وفد کو بتایا کہ بجلی کے بلوں، پراپرٹی ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے متعلق امورپرنظرثانی کی جارہی ہے۔