عمران نے دہشت گردی امپورٹ کی، ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر دھکیل دیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

عمران نے دہشت گردی امپورٹ کی، ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر دھکیل دیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

کراچی۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے دہشت گردی امپورٹ کی اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر دھکیل دیا،عمران خان کے معاشی بحران کا خمیازہ ہم برداشت کر رہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی سے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ بلدیاتی امیدواروں کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب اور دیگر بھی موجود تھے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک بحران کا شکار ہے، عمران خان کی نفرت کی سیاست نے ملک کی جمہوریت، سیاست اور معیشت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ (عمران خان) نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے دہشت گردوں کو رہائی دلائی اور دہشت گردی امپورٹ کی، جسے بہت قربانیاں دے کر ملک سے پاک کیاتھا۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے عوام اور جمہوریت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں،ہمارے لوگوں نے اس مقصد کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں اور شہید ہوئیں۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے واقعات میں پھر اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو ماضی میں بچایا اور آئندہ بھی بچائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پالیسی پر نظرثانی کرکے دہشت گردی کو شکست دینا ہوگی۔ بلاول نے کہا کہ عمران خان انہیں امپورٹڈ حکومت کہتے رہے لیکن درحقیقت عمران خان نے دہشت گردی امپورٹ کی اور ملک میں نفرت کی سیاست متعارف کرائی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز استعفے قبول نہ کرنے کی منتیں کر رہے ہیں، درحقیقت وہ الیکشن سے فرار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا، بلدیاتی انتخابات عین موقع پر کئی بار تاخیر اور ملتوی ہوئے،جیالے تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ہر ضلع کی سطح پر ایک چیسٹ یونٹ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سوائلڈ ویسٹ مینجمنٹ سیٹ اپ کو صوبے بھر میں وسعت دیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عام آدمی کو سستے کرایوں کی سہولت فراہم کی جائے، پیپلز پارٹی کی بس سروس کو پورے سندھ میں پھیلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی کو امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بدترین شہر قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی دہشت گرد شہر کو بند نہیں کر سکتا۔سابق حکومت نے شہر کے لیے 1100 ارب روپے کا اعلان کیا لیکن 11 روپے بھی نہیں دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے کراچی کو ماضی کی طرح بہترین شہر میں تبدیل کریں گے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے بھی خطاب کیا۔