عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کو کسی حکومتی وسائل کی ضرورت نہیں ہوتی،گورنر سندھ

106

کراچی۔ 29 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کو کسی حکومتی وسائل کی ضرورت نہیں ہوتی،گورنر ہاوس میں جاری "گورنر انیشیٹیوز” اس کی عملی مثال ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پولیس سروسز آف پاکستان کے 51 ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام اور 27 ویں انیشل کمانڈ کورس کے زیر تربیت افسران سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گورنر سندھ نے سول سروس کو ملک کے استحکام اور عوامی خدمت کا اہم ستون قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرامز افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتے ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان افسران اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ تربیتی پروگرام مستقبل کی قیادت کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں اور ملک و قوم کو ان افسران سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔

اس موقع پر زیر تربیت افسران نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیمتی رہنمائی کو سراہا۔ شرکاء نے ان کے انیشیٹیوز کو منفرد اور قابل تقلید قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف کی۔ اس سے قبل شرکاءنے گورنر ہاوس کے مختلف منصوبوں بشمول "امید کی گھنٹی”، راشن ڈرائیو، آئی ٹی مارکی، اور بابائے قوم کے تاریخی کمرے کا دورہ بھی کیا