ساہیوال۔ 11 فروری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ساہیوال کیپٹن (ر) اسامہ مجید نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلے ہی روز اراضی ریکارڈ سنٹر ساہیوال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی ریونیو سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور وہاں دستیاب سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔
عوامی شکایات سننے کے بعد انہوں نے موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید نے سٹاف کی حاضری چیک کی اور ایس سی او عبیداللہ کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فورا شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے تمام اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات میں شفافیت اور تیز رفتاری یقینی بنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا عوامی شکایات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہترین اور فوری ریونیو سروسز فراہم کی جا سکیں۔\