عوام الناس کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تمام محکمہ جات کی اولین ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

109
Ali Akbar Bhandar
Ali Akbar Bhandar

بھکر۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہاہے کہ عوام الناس کے مسائل کاترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بناکر ان کو بھرپور ریلیف کی فراہمی تمام سرکاری محکمہ جات کی اولین ذمہ داری ہے جس کی تکمیل میں غفلت اورتاخیر کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات منکیرہ میں کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی ،اسسٹنٹ کمشنر منکیرہ تابش محمود بٹ اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے عوامی مسائل پر مبنی درخواستیں وصول کیں اوران مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کیے کہ عوام الناس کے مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے سرکاری محکموں کے دفاتر میں عوام کیلئے آسان رسائی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کواولین ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو انتظار کی زحمت سے دوچار نہ ہونا پڑے۔عوامی شکایات پر مبنی درخواستوں کا تعلق ریونیو،میونسپل سروسز،ہیلتھ،ایجوکیشن اور ٹریفک سے متعلق تھا ۔