عوام نواز شریف کے ساتھ ان کے نظر یہ کی وجہ سے کھڑی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس سے خطاب

126
مریم اورنگزیب
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیمرا (ترمیمی) بل کا پیمرا (ترمیمی) بل کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام نواز شریف کے ساتھ ان کے نظر یہ کی وجہ سے کھڑی ہے، پاکستان کا ووٹر جانتا ہے کہ نواز شریف ہی ملک کو مشکل سے نکال سکتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی، ملک کے خلاف سازش کرنے والے آج منہ دکھانے کے قابل نہیں، چار سالوں کے دوران قومی اداروں کو نیلام کرنے کی باتیں کی جاتی رہیں جبکہ ہم نے 15 ماہ میں اداروں کو نیلام نہیں دوبارہ کھڑا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023ءقومی اسمبلی سے منظور ہو گیا ہے، اس بل کی تیاری پر میڈیا ورکرز اور اسٹیک ہولڈرز کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری کے بعد میڈیا ہائوسز میں کم از کم اجرت حکومت کی مقرر کردہ ہوگی جبکہ تنخواہوں کی ادائیگیوں میں تاخیر جیسے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کو پیمرا ترمیمی بل میں شامل کیا گیا ہے، یہ ترمیم ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینے کے لئے کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل میں عوامی خدمت کے پیغام رسانی کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ئوں طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو نااہلی کی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز مشکل اور کڑے وقت میں نواز شریف اور پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز نے ڈٹ کر مشکلات کا مقابلہ کیا اور پارٹی ورکر کے طور پر ثابت قدم رہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو 2017ءمیں ایک سازش کے ذریعے ہٹایا گیا اور 2018ءمیں ”پراجیکٹ عمران‘، کو قوم پر مسلط کیا گیا اور ترقی کا سفر روک دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع ہونے والے ترقی کے بہت سے منصوبے روک دیئے گئے۔

چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ترقی کے حامل منصوبوں کو بند کیا گیا، دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز، ووٹرز اور اس کے اراکین اسمبلی پارٹی قیادت کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور میں اپنی نااہلی سے ملک کو بحرانوں کا شکار کیا جبکہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادیوں نے مل کر ملک کو پی ٹی آئی کے پیدا کردہ بحرانوں سے نکالا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک اور عوام کے دشمن ہیں جنہوں نے پہلے آئی ایم ایف معاہدے کی سخت شرائط پر دستخط کئے پھر اس کی خلاف ورزی کی اور اپنے معمولی سیاسی فائدے کے لئے اس پروگرام کو معطل کیا، اس طرح انہوں نے ملک اور قوم کے وقار کو خطرے میں ڈالا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کے تمام ملازمین کو 108 کمروں پر مشتمل عمارت کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کی عمارت خستہ حالی کا شکار تھی اور اس کے ملازمین سڑکوں پر تھے کیونکہ انہیں کئی مہینوں سے تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگیاں نہیں ہو رہی تھیں۔ اب شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایس آر بی سی جیسے قومی نشریاتی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں اور ان کی بحالی سے صنعت کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایس آر بی سی کی عمارتوں کی نیلامی کی باتیں ہوتی تھیں جبکہ موجودہ حکومت نے صرف 15 ماہ کے دوران ان اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو ان کے دور میں میڈیا پریڈیٹر کا خطاب ملا جبکہ گزشتہ 15 ماہ کے دور حکومت میں پاکستان کی اظہار رائے کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں سات درجے کی بہتری ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ سکیم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ ریڈیو پاکستان کے بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کے مسائل حل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لئے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایس آر بی سی کی عمارتوں میں سینما ہائوسز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کا مقصد مقامی فلم انڈسٹری کو بحال کرنا ہے تاکہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کے قومی بیانیہ کو فروغ دیا جا سکے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے شارلیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی میں ایم سی آر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ایس آر بی سی بلڈنگ میں سینما ہائوس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔