عوام نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت ، دیانت اور ترقی کے سفر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت، دیانت اور ترقی کے سفر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت، دیانت اور ترقی کے سفر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام کامیاب امیدواروں کومبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ کامیابی صرف انفرادی نہیں بلکہ پوری جماعت، اس کے کارکنوں اور عوام کے باہمی اعتماد کی فتح ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو عوامی خدمت کی ذمہ داری احسن انداز میں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی کا اصل سہرا ان ہزاروں بے لوث کارکنوں کے سر ہے جنہوں نے دن رات محنت کی، ہر گلی،محلے اور گھر تک پارٹی کا پیغام پہنچایا۔ آپ کی وفاداری، ثابت قدمی اور قربانیوں نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے باشعور عوام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیا کہ وہ انتشار، منفی سیاست اور بے بنیاد نعروں کے بجائے کارکردگی، استحکام اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح اور خوشحالی کو اپنی ترجیح بنایا، اور آج عوام نے اسی وژن کی بھرپور تائید کی ہے۔ یہ نتائج صرف ایک انتخابی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی امیدوں، اعتماد اور مسلم لیگ (ن) کے نظریے کی فتح ہیں۔اسی جذبے کے ساتھ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے تمام کامیاب امیدواروں، پارٹی قیادت، کارکنان، سپورٹرز اور آزاد کشمیر کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اورکہا کہ یہ فتح آپ سب کی ہے، اور آنے والا وقت مزید کامیابیوں کی نوید لے کر آئے گا۔