عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسد قیصر

49

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے موثر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں ریکارڈ ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے جس سے وسیع پیمانے پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا اجراء ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوپارلیمنٹ ہاؤس میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو پیسکو انجینئر محمد جبار اور پیسکو کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سپیکر نے کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، ٹرانسفارمرز کی تنصیب ،بجلی کی ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل پر اجلاس پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور بلخصوص ضلع صوابی کے عوام کو لوڈ شیڈنگ، لو وولٹیج اور ٹرپنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔

اسپیکر نے صوابی میں بجلی کے طلب کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پیسکو حکام کو صوبے میں بجلی کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ چیف ایگزیکٹو پیسکو نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، لوڈ شیڈنگ اور لو وولٹیج سمیت دیگر مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں اسپیکر اسد قیصر کو آگاہ کیا ۔انہوں نے ان مسائل کے حل کے لیے پیسکو کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات سے بھی اسپیکر کو آگاہ کیا اور صوبے میں بجلی کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کروائی ۔انہوں نے اسپیکر سے بجلی کی چوری کے سلسلے میں تعاون کے لئے کہا اسپیکر نے اس سلسلے میں پیسکو کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔