عوام کو درپیش مسائل کاحل اور اُن کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،راجہ پرویز اشرف

91
Raja Pervez Ashraf.
Raja Pervez Ashraf.

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ عوام کو درپیش مسائل کاحل اور اُن کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،موٹرویز اور سڑکوں کی تعمیر کسی علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، تاہم ان منصوبوں کی تعمیرسے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ان منصوبوں سے عوام کی املاک خصوصاً رہائش گاہوں کو کم سے کم نقصان پہنچے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کمشنر راولپنڈی ، اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان، نیشل ہائی وے اتھارٹی اور راولپندی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ کھاریاں سے ٹی چوک تک موٹروے توسیع منصوبے کے سروے کے مطابق تحصیل گوجر خان کے کئی رہائشی علاقے سے گزر رہی ہے جس میں قیمتی رہائشگاہیں اس منصوبے سے متاثر ہوں گی ۔

انہوں نے کہ رہائشگاہ کسی بھی شخص کی بنیادی ضرورت اور اس کی زندگی کا کل سرمایہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے نیشل ہائی وے اتھارٹی کو موٹر وے کے توسیعی منصوبے میں آنے والےرہائشی علاقوں کی بجائے خالی زمینوں سے گزارنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کمشنر راولپنڈی کو اس منصوبے میں آنے والے مکانات اور زمینوں کے معاوضے کو موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادا کرنے کے لیے مکمل رپورٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مالکان کو مناسب معاوضہ مل سکے اور وہ کسی دوسری جگہ پر اپنی رہائشگاہ تعمیر کرنے کے قابل ہوں۔

اجلاس میں اسلام آباداور راولپنڈی کا کوڑا کرکٹ مندرہ ، برنالہ اور سانگ میں تلف کرنے کے معاملے کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔ اسپیکر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی شہر کا تمام کوڑا کرکٹ اور کچرا مندرہ ، برنالہ اور سانگ میں تلف کرنے کے لیے گاربیج گرائونڈ کے قیام کامنصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک رہائشی علاقہ ہے یہاں پر گاربیج گراونڈ کے قیام سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہوں گی اور ان علاقوں میں اُن کے لیے رہائش رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔

انہوں نے کمشنر راولپنڈی کو گاربیج ڈپوکو اس جگہ سے کسی ایسے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی جہاں پر آبادی نا ہو۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گوجر خان میں سفاری پارک کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت گوجر خان میں کوئی تفریح پارک موجود نہیں ہے جہاں پر عوام کوسیر و تفریح کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کمشنر راولپنڈی کو گوجر خان میں سفاری پارک کی تعمیر کے لیے فزبیلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کا قیام میرا دیرینہ خواب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی ڈبلیو پی نے اس منصوبے کے لیے فنڈز کی منطوری دی ہے ۔

اس منصوبے کی تکمیل سے نا صرف گوجر خان بلکہ چکوال، جہلم، کھاریاں، میرپور، مری، اور آز ادکشمیر کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جلد از جلد پنجاب یونیورسٹی گوجر خان کیمپس میں کلاسز کا اجرا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے مطلوبہ زمین موجود ہے۔ انہوں نے کمشنر راولپنڈی اور دیگر متعلقہ حکام کو اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے انتظامات کرنے کے لیے کہا۔