عوام کو دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ نصیرآباد کے عوام، خصوصاً حلقہ انتخاب پی بی-14 تمبو نصیرآباد سے کیے گئے تمام وعدے تسلسل کے ساتھ وفا کیے جا رہے ہیں عوام کو ان کی دہلیز پر تمام شعبہ جات میں بہتر سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے

ڈیرہ مراد جمالی۔17 جون (اے پی پی):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ نصیرآباد کے عوام، خصوصاً حلقہ انتخاب پی بی-14 تمبو نصیرآباد سے کیے گئے تمام وعدے تسلسل کے ساتھ وفا کیے جا رہے ہیں عوام کو ان کی دہلیز پر تمام شعبہ جات میں بہتر سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی بی۔14 تمبو نصیرآباد کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں یونین کونسل توحید آباد مگسی شاخ کے چیئرمین میر عبدالواحد پندرانی، کونسلر حافظ سعید احمد بنگلزئی، یونین کونسل بیدار گوٹھ صحبت خان کھوسہ کے سیاسی و سماجی شخصیات اظہار حسین کھوسو، ابوبکر کھوسو اور اختیار احمد کھوسو شامل تھے۔حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ حلقہ انتخاب پی بی-14 تمبو میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور کھیت سے مارکیٹ تک نئی سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولت میسر ہو گی بلکہ علاقے میں معاشی خوشحالی کا بھی آغاز ہو گا۔ زرعی علاقے سے منسلک نئی سڑکوں سے کسانوں کی سبزیاں و پھل بروقت مارکیٹ پہنچیں گے جس سے انہیں معاشی ریلیف کے ساتھ علاقے کی معیشت کو بھی فروغ ملے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور حکومت کی اڈھائی سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ تعلیم، صحت، آبنوشی، مواصلات و تعمیرات سمیت تمام شعبوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کا اولین مقصد ہے۔ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پی بی-14 تمبو سمیت پورے نصیرآباد میں ترقیاتی منصوبوں سے علاقہ خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ ان منصوبوں سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ ہو گا حاجی محمد خان لہڑی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں