عوام کی جان و مال کی حفاظت لیوہز فورس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ڈپٹی کمشنر خضدار

105

کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہاہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت لیوہز فورس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے عوامی رائے کے تحت انتظامی امور سرانجام دیکر قیام امن کے لئے اقدامات عمل میں لائے جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے وفد ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین بشیر احمد جتک کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر خضدار سے ملاقات کی اور خضدار سٹی میں امن وامان سے متعلق مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کو امن وامان کے حوالے سے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ یہاں ”اے” اور ”بی” ایریا کی تقسیم ہے تو اس لحاظ سے اے ایریا پولیس کی ہے جہاں اصولی طور پر لیویز خدمات سرانجام نہیں دے سکتی لیکن پولیس کے ساتھ نفری کی کمی اور شہریوں کے اصرار پر انتظامیہ نے لیویز کو شہر میں پولیس کی مدد کےلیے تعینات کی تھی اور لیویز کے جوان امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر خضدار نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کو ٹیچنگ ہسپتال اور ایجوکیشن کے متعلق حالیہ کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کی صورتحال میں عنقریب بہتری کی بھی نوید دی۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے ایجوکیشن صحت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کےلیے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ انتظامیہ امن و امان، ایجوکیشن اورصحت کو اولین ترجیحات میں رکھ کر دیگر شعبوں میں بھی کام کریں گے۔آل پارٹیز شہری کمیٹی کے وفد میں جنرل سیکرٹری آل پارٹیز قدیراحمد زہری، جوائنٹ سیکریٹری سفرخان مینگل،بازار صدرحافظ حمیداللہ مینگل، ترجمان آل پارٹیز محمداقبال مینگل، عبدالباسط شاہد، ڈاکٹر حضوربخش زہری، ادریس زہری شامل تھے۔